ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسرائیل میں پھنسے ہیں بھٹکل کے 40 سے زائد افراد 

اسرائیل میں پھنسے ہیں بھٹکل کے 40 سے زائد افراد 

Tue, 10 Oct 2023 13:46:09    S.O. News Service

بھٹکل ، 10 / اکتوبر (ایس او نیوز) حماس نے اسرائیل کے خلاف راکٹوں کی بارش کرتے ہوئے پیراگلائڈر کی مدد سے ہوائی اور زمینی در اندازی کے ساتھ جو حملہ کیا اور اسرائیل کی جوابی کارروائی سے ایک بھیانک جنگ کی سی جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس میں اسرائیل کے اندر جو ہندوستانی پھنسے ہوئے ہیں ان میں بھٹکل و اطراف سے تعلق رکھنے والے 40 سے زائد افراد شامل رہنے کی بات سامنے آئی ہے ۔
    
معلوم ہوا ہے کہ ملازمت کے لئَے اسرائیل میں موجود بھٹکل سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے اہل خانہ کے ساتھ ٹیلی فون رابطے ہیں اور وہ سب صحیح سلامت ہیں ۔  اس کے علاوہ وہ ہندوستانی سفارت خانے سے بھی پوری طرح رابطے میں ہیں ۔ البتہ اسرائیل کی طرف سے کب باضابطہ جنگ کا اعلان ہوتا ہے اور کب صورتحال انتہائی خراب ہوجاتی ہے اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا اور اسی وجہ سے اسرائیل میں موجود ان لوگوں کے اہل خانہ کو گہری تشویش لاحق ہوگئی ہے ۔ 
    
اسرائیل میں موجود بھٹکل کے باشندوں کے تعلق سے معلوم ہوا ہے کہ ان میں منڈلّی علاقے کے 12 اور مرڈیشور بستی کے رہنے والے 29 افراد شامل ہیں ۔ مرڈیشور چرچ کراس کے رہنے والے سنیل اور ڈولفی گومز کی والدہ ہیلن گومز اور بہن نے بتایا کہ سنیل اور ڈولفی دونوں کے ساتھ ویڈیو کال کے ذریعے بات چیت ہوئی ہے اور وہ دونوں صحیح سلامت ہیں ۔ اسرائیل میں وہ گھریلو ملازمت کر رہے ہیں ۔ ہندوستانی سفارت خانے سے ان لوگوں کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے بالکل باہر نہ نکلیں ۔
    
خیال رہے کہ بھٹکل اور اطراف کے جو لوگ اسرائیل میں ملازمت کر رہے ہیں وہ در اصل وہاں کے گھروں میں معمر افراد کی دیکھ بھال (کیئر ٹیکر) کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں ۔ اسرائیلی قانون کے مطابق تقریباً پوری نوجوان نسل کو فوجی تربیت دی جاتی ہے اور ان کی بڑی تعداد فوجی خدمات میں مصروف ہوتے ہیں ۔ ایسے میں ان کے معمر والدین کی دیکھ بھال کے لئے بیرونی ممالک اور بالخصوص ہندوستانی باشندوں کو کیئر ٹیکر کی ملازمت پر رکھا جاتا ہے ۔     


Share: